واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کو سفیر نامزد کردیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق نیٹلی بیکر کی نامزدگی منظوری کے لیے امریکی سینیٹ کو بھیج دی گئی ہے۔
نیٹلی بیکر نے جنوری 2025 میں اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں بطور ناظم الامور ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور وہ اب بھی اسی عہدے پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس سے قبل وہ دوحہ، قطر میں امریکی سفارت خانے کی ڈپٹی چیف آف مشن رہ چکی ہیں۔
بیکر نے پرنسٹن یونیورسٹی سے بیچلرز اور ہارورڈ یونیورسٹی کے کینیڈی اسکول آف گورنمنٹ سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ وہ امریکی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل وار کالج کی 2017 کی ممتاز گریجویٹ بھی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے جیفری کولائر کو متحدہ عرب امارات، سنتھیا کیرشٹ کو سینیگال اور ایان میک کیری کو مالی میں امریکی سفیر نامزد کیا ہے۔


















































































