لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت انفرادی قرض کی حد 75 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے اور درخواست دینے کی کم از کم عمر 21 سے کم کرکے 18 سال کردی ہے۔
وزیراعظم نے اتوار کو نوجوانوں کے کاروباری اور زرعی قرضوں کی اسکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی اور قرضے آسان اقساط پر فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق رواں مالی سال نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ قرضوں کا 30 فیصد خواتین کے لیے مختص کیا جائے تاکہ انہیں معاشی خودمختاری حاصل کرنے اور کاروباری سرگرمیوں میں اپنا کردار بڑھانے میں مدد ملے۔
وزیراعظم نے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کو بھی ہدایت کی کہ وہ کاروبار شروع کرنے والے نوجوانوں کو رہنمائی، مشاورت اور تکنیکی معاونت فراہم کرے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوری 2023 سے اب تک 5 لاکھ 81 ہزار 341 نوجوانوں کو تقریباً 313 ارب 90 کروڑ روپے کے قرضے دیے جا چکے ہیں۔ مالی سال 2026–27 کے دوران 2 لاکھ 66 ہزار 700 افراد میں 292 ارب روپے تقسیم کیے جانے کا تخمینہ ہے۔
اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان رانا مشہود احمد خان اور معاون خصوصی برائے سیاسی امور طلحہ برکی نے شرکت کی۔


















































































