سابق صوبائی وزیر منظور وسان اور ان کے ساتھیوں نے سندھ ہائی کورٹ میں صحافیوں سے بدتمیزی کی ہے جبکہ منظور وسان نے ایک صحافی کا موبائل فون بھی چھینا۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے منظور وسان کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تحقیقات کے لیے طلب کیا تھا ، سماعت کے موقع پر نیب نے عدالت کو بتایا کہ منظور وسان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، حتمی رپورٹ پیش کرنے کے لیے مہلت دی جائے جس پر عدالت نے نیب سے منظور وسان کے خلاف نو ستمبر کو پیش رفت رپورٹ طلب کی۔
سماعت کے بعد صحافیوں نے سابق وزیرسے گفتگو کرنے کی کوشش کی تو منظور وسان نے صحافی کا موبائل چھین لیا جبکہ سابق صوبائی وزیر کے حامیوں نے بھی احاطہ عدالت میں صحافیوں کو دھکے دئیے، بعد ازاں منظور وسان اور اس کے ساتھی صحافیوں کو دھکے دے کر چلتے بنے۔