وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ این آر او مانگنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں جب کہ رول آف لاء سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
وزیراعظم عمران خان سے رہنما پی ٹی آئی بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے ای سی ایل کیس سمیت آئینی قانونی اور سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ رول آف لاء سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹوں گا، این آر او مانگنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں جب کہ احتساب ہمیشہ پہلی ترجیح رہے گی، ادارے پاکستان کو مضبوط رکھنے کے لئے ایک پیج پر ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپشن ریاست کے لیے دیمک ہے، اداروں کی تعمیر نو اور مضبوطی کے بغیر کام نہیں چلے گا لہذا عوامی ریلیف کے لیے اس ماہ بڑے ایکشن سامنے آئیں گے۔