وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست کا چوتھا ستون ہونے کی حیثیت سے میڈیا کا معاشرے اور حکومتی اقدامات پر رائے عامہ قائم کرنے میں کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان، شہباز گل، وزیر برائے منصوبہ بندی اور سیکرٹری اطلاعات زاہدہ پروین سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں اصلاحات اور حکومت کی جانب سے شروع کیے جانے والے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، معاشی و اقتصادی ترقی اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے ضمن میں پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کے کردار اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے موجودہ دور میں ٹیکنالوجی کی اہمیت کے پیش نظر وزارت اطلاعات کو جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لانے، سوشل میڈیا کے استعمال اور متعلقہ افسران کو اس ضمن میں صلاحیتوں کے موثر استعمال کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ملکی و بیرونی افق پر پروپیگنڈے کا حقائق اور دلیل پر مبنی جواب دیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ ریاست کا چوتھا ستون ہونے کی حیثیت سے میڈیا کا معاشرے اور حکومتی اقدامات پر رائے عامہ قائم کرنے میں کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ وزارت اطلاعات حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، معاشی ترقی اور خارجہ امور میں پاکستان کی اقوام عالم میں ابھرتی ہوئی حیثیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے موثر اقدامات لے۔