بیجنگ: چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے جان لیوا کورونا وائرس سے گزشتہ روز مزید 142 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی کل تعداد 1526 ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس سے اب تک 67 ہزار 102 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 11 ہزار 82 افراد کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔
اس مضر بیماری سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 9 ہزار 802 ہے جبکہ دنیا بھر کے 29 ممالک کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
ان ممالک میں چین، جاپان، سنگاپور، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، آسٹریلیا، امریکہ، ملائشیاء، جرمنی، تائیوان، ماکاؤ، ویتنام، فرانس، متحدہ عرب امارات، کینیڈا، فلپائن، بھارت، برطانیہ، روس، اٹلی، نیپال، کمبوڈیا، سری لنکا، فن لینڈ، سویڈن، بیلجیئم اور اسپین شامل ہیں۔
چین کے کم سے کم 10 صوبوں میں تمام سرکاری اور غیرسرکاری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے اور لوگ اپنے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ تمام تعلیمی ادارے، دفاتر اور فیکٹریاں بند ہیں۔ فرانس، امریکہ، برطانیہ، مصر، کینیا، روانڈا اور روس نے چین کیلئے اپنی پروازیں بند کر رکھی ہیں۔
دوسری جانب چین کے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں بنائی گئی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت کے مسئلے سے نمٹنا ہو گا اور اس پر ’مستقل طور پر پابندی عائد کرنا‘ ہو گی۔