اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 892 ہوگئی ہے جبکہ جان لیوا مرض سے چھ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
حکومتی ویب سائٹ covid.gov.pk پر جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں 399، پنجاب میں 249، بلوچستان میں 110، گلگت بلستان میں 80، خیبر پختونخوا میں 38، اسلام آباد میں 15 جبکہ آزاد کشمیر سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
کورونا وائرس سے خیبر پختونخوا میں تین اور سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ایک، ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ ملک بھر میں چھ مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
دنیا بھر کو متاثر کرنے والا مہلک مرض 195 ممالک تک پھیل گیا جس نے متاثر ہونے والے 16 ہزارسے زائد افراد کی جان لے لی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اب تک میں کورونا وائرس سے تقریباً چار لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
ورلڈ و میٹر کے اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اسے شکست سے دوچار کرنے والے افراد کی تعداد بھی ایک لاکھ 2 ہزار 429 ہو چکی ہے۔
کورونا وائرس کا آغاز چین سے ہوا تھا تاہم چین اب بڑی حد اس مہلک وائرس پر قابو پا چکا ہے تاہم اب اس موذی مرض سے سب سے زیادہ اٹلی متاثر ہے جہاں اموات کی تعداد 6077 تک پہنچ چکی ہے۔
چین میں 3277، اسپین میں 2311، امریکہ میں 582، ایران میں 1812، جرمنی میں 123 اور فرانس میں 860 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔