اسلام آباد: پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر ایک اور بھارتی کواڈ کوپٹرجاسوس ڈرون مارگرایا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بھارتی کواڈ کوپٹر لائن آف کنٹرول پر کنزلوان سیکٹر میں 700 میٹر تک پاکستانی حدود میں داخل ہوا تھا۔
خیال رہے کہ 27 مئی کو پاک فوج نے ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی جاسوس ڈرون کو رکھ چکری سیکٹر میں مار گرایا گیا تھا۔ بھارت کا جاسوس ڈرون 650 میٹر تک پاکستانی حدود میں داخل ہو گیا تھا۔
اس سے قبل 9 اپریل 2020 کو بھی بھارت کے کواڈ کاپٹر نے سنگ سیکٹرمیں 600 میٹرتک پاکستانی حدود میں داخل ہو کر فضائی جائزہ لینےکی کوشش کی تھی جسے پاک فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا تھا۔
لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر گزشتہ سال پاک فوج نے بھارت کے تین ڈرون طیارے گرائے تھے۔
ھارت کا پہلا کواڈ کاپٹر سال کے پہلے دن باغ سیکٹر میں گرایا گیا تھا۔ اس واقعہ کے دوسرے دن ہی بھارت نے پھر مہم جوئی کی کوشش کی تھی تو پاکستان نے ستوال سیکٹر میں دوسرا جاسوس ڈرون گرایا تھا۔
پلوامہ واقعہ کے کچھ دن بعد بھارت کا ایک اور جاسوس ڈرون رکھ چکری سیکٹر میں پاک فوج نے گرایا تھا۔ وہ بھی پاکستانی حدود میں 150 میٹر تک اندرآگیا تھا۔
2018 میں بھی ایل او سی کی خلاف ورزی پر پاک فوج نے چری کوٹ سیکٹر میں بھارت کا جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔