اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے باعث ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے متعلق الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق مون سون بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس سے نشیبی اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان کے غذر، ہنزہ، نگر، شگر، گلگت، روندو، دیامر، استور، اسکردو، گانچھے اور کھرمنگ کو حساس علاقوں میں شامل کیا ہے۔
آزاد کشمیر کی وادی نیلم کو بھی ممکنہ خطرات کے پیش نظر حساس قرار دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے چترال، اپر دیر، لوئر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور ان سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ علاقوں میں ممکنہ صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے خطرات پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔






















































































