لندن: برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ روس خفیہ طور پر ایران کو جدید سپر سونک کروز میزائل تیار کرنے کے لیے حساس ریم جیٹ ٹیکنالوجی فراہم کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق روس مبینہ طور پر کئی برس سے ایران کے ساتھ اس منصوبے پر کام کر رہا ہے اور اسے حساس اسٹریٹجک عسکری ٹیکنالوجی کی منتقلی کے اہم ترین معلوم واقعات میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔
فنانشل ٹائمز کا دعویٰ ہے کہ اس پروگرام کا کوڈ نام C430L ہے اور اس کا آغاز 2023 میں ہوا تھا، جس میں روس کے انتہائی تجربہ کار میزائل ماہرین بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پروگرام کا مقصد ایران کو ایسا جدید میزائل نظام تیار کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے جس کے ذریعے کروز میزائل آواز کی رفتار سے کئی گنا زیادہ تیزی سے پرواز کرسکیں۔
برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے دوران بھی یہ پروگرام جاری رہا۔
رپورٹ کے مطابق ریم جیٹ ٹیکنالوجی بحری جہازوں اور زمینی اہداف کو نشانہ بنانے والے کروز میزائلوں میں استعمال کی جاسکتی ہے۔
سپر سونک کروز میزائل تیز رفتاری کے ساتھ کم بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس کے باعث فضائی اور میزائل دفاعی نظاموں کو انہیں شناخت کرنے اور روکنے کے لیے محدود وقت ملتا ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق خلیج میں یہ ٹیکنالوجی ایران کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے جہاں امریکا اور اس کے اتحادی جدید زمینی اور بحری دفاعی نظام تعینات کیے ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران ریم جیٹ نظام تیار کرکے اس کے تجربات بھی کرچکا ہے، تاہم اب تک ایسے شواہد سامنے نہیں آئے کہ روسی معاونت سے تیار کردہ سپر سونک کروز میزائل کو عملی طور پر تعینات کردیا گیا ہو۔
اخبار کے مطابق یہ مبینہ میزائل تعاون ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس اور ایران کے درمیان اسٹریٹجک اور فوجی تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران روس کو شاہد حملہ آور ڈرون فراہم کرچکا ہے اور روس کو ان ڈرونز کی مقامی سطح پر تیاری شروع کرنے میں بھی معاونت فراہم کی گئی۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق یوکرین اور مغربی حکام نے روس پر یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ وہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ ایران کی جاری جنگ کے دوران تہران کو سیٹلائٹ تصاویر، ڈرون معاونت اور ہتھیاروں کے پرزہ جات سمیت میدان جنگ سے متعلق مدد فراہم کر رہا ہے۔






















































































