لاہور: پنجاب اسمبلی نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کرنے سے متعلق قرارداد منظور کرلی۔
قرارداد حکومتی رکن پنجاب اسمبلی سارہ احمد کی جانب سے پیش کی گئی، جس میں بچوں کو سوشل میڈیا کے ممکنہ منفی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر قانون سازی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بچوں کی جسمانی، ذہنی اور اخلاقی نشوونما کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے جبکہ سوشل میڈیا پر موجود نامناسب مواد بچوں کو ذہنی دباؤ اور دیگر خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو محدود کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
قرارداد میں آسٹریلیا، فرانس، چین اور امریکا کی مختلف ریاستوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ وہاں کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق قوانین اور پابندیاں متعارف کرائی جا چکی ہیں۔
پنجاب اسمبلی کی قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان میں بھی بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے اس حوالے سے مؤثر قانون سازی ناگزیر ہے۔
قرارداد میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صارفین کی عمر کی تصدیق کے لیے مؤثر نظام نافذ کیا جائے۔






















































































