اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے پوری قوم کی مدد سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم دفاع جرات، بہادری اور حب الوطنی سے لگن کی علامت ہے۔ افواج پاکستان نے جراتمندی سے دشمن کےعزائم کو خاک میں ملایا۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے پوری قوم کی مدد سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی جبکہ دفاع وطن کی خاطرافسروں اور جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کو ان کے حوصلے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں نے ملک کو درپیش چیلنجز پر کامیابی سے قابو پایا۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج اور سیکیورٹی ادارے ملکی داخلی سلامتی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ ہماری مسلح افواج اقوام متحدہ کے پرچم تلے عالمی امن برقرار رکھنے میں تعاون کر رہی ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ زندہ قومیں آزمائشوں سے گزرکراور بھی زیادہ مضبوط ہوجاتی ہیں ۔1965 میں پاکستانی قوم دشمن کے سامنے مضبوط چٹان کی طرح ڈٹ گئی۔
یوم دفاع وشہدا کے حوالے سے پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ 6ستمبر کو بھارت نے غیراعلانیہ جنگ مسلط کی تو قوم وطن کے محافظوں کی حمایت میں اٹھ کھڑی ہوئی۔بہت سے لوگ نہتے پیدل ہی سرحدوں کی جانب چل پڑے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی کی بدولت بہادر مسلح افواج ایسا لڑیں جس کی مثال نہیں ملتی۔ بہادر جوانوں نے ثابت کردیا کہ وہ وطن کی حفاظت کےلیے ہمہ وقت تیار ہیں۔6 ستمبر کا دن ہیروز ،شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ہم شہداء کی فیملیز کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دشمن نے کبھی پرامن بقائے باہمی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ دشمن نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک پاکستان پر کئی جنگیں مسلط کیں۔دشمن پاکستان میں تخریبی کارروائیوں اور سائبر وار فیئر کے ذریعے پروپیگنڈہ کررہا ہے۔ بدقسمتی سے بھارت افغان سرزمین کو پاکستان میں بدامنی اوردہشتگرد کارروائیوں کےلیے استعمال کرتا رہا۔
آج کے دن ہم ان گھناونے ہتھکنڈے اپنانے والے عناصر کی مذمت کرتے ہیں۔ اقوام عالم کو اس جارحانہ رویے پر ہندوستان کو ذمہ دار ٹھرانا چاہیئے۔ہمیں فخر ہے کہ ہماری سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے ہندوستان کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے۔ دنیا جان گئی ہے کہ کس طرح وہ علاقائی اور خاص طور پر پاکستان کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کی موثر خارجہ پالیسی کی وجہ سے عالمی برادری اب جان چکی ہے کہ کس طرح بھارتی حکومت پورے ہندوستان میں اقلیتوں اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہی ہے۔ امن کا واحد راستہ مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہے۔ ہندوستان کو جلد یا بدیر کشمیریوں کو ان کا حق رائے دہی دینا پڑے گا۔
ہم ہندوستان کا انتہاپسندانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے۔ عالمی برادری کے معتبر حلقے، امن کی خاطر کی جانے والی ہماری کوششوں کو تسلیم کررہے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا ہے کہ اس موقع پر میں ایک بار پھر یہ بات واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری ہرگز نہ سمجھا جائے ۔اس خطے کے لوگوں کی خوشحالی اوربہتری کیلئے اس کا جواب اسی مثبت انداز میں دیاجانا چاہیے۔
آج کے دن میں اپنی بہادر مسلح افواج کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابل تسخیر بنانے کے لئے ایک طویل سفر طے کیا ہے۔ہماری باحوصلہ قوم اورمضبوط مسلح افواج نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ ہم دفاع وطن کی نہ صرف بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ بلکہ کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں
آیئے، جنگ ستمبر کے ولولہ انگیز جذبوں کواپنے دلوں میں ہمیشہ تازہ رکھیں۔ یہ جذبے آئندہ درپیش تمام چیلنجز میں سرخرو ہونے کے لئے کافی ہیں۔آیئے، اپنے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم ملک کے دفاع، سلامتی اور بقا کا تحفظ ہر قیمت پر کرتے رہیں گے۔