کابل: طالبان نے مولوی عبدالکبیر کو افغانستان کا نائب وزیراعظم نامزد کردیا ہے۔ طالبان کی جانب سے ملک کے صوبوں میں بھی تقرریاں کی گئی ہیں۔
افغان حکومت کے نائب ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے حوالے سے بتایا ہے کہ طالبان کے امیر ملا ہیبت اللہ اخونزادہ کی منظوری کے بعد کابینہ اراکین کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔
طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق نئے وزرا کے ساتھ ساتھ صوبوں میں بھی مختلف شعبوں میں تعیناتیاں کی گئی ہیں۔
اس ضمن میں ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا ہے کہ مولوی عبدالکبیر کو افغانستان کا نائب وزیر اعظم برائے سیاسی امور مقرر کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے تحت ملا عبدالحمید اخوند وزیر برائے شہدا و معذورین ہوں گے جب کہ ان کے نائب ملا عبدالرزاق اخوند ہوں گے۔
افغانستان میں مولوی سخا اللہ نائب وزیر تعلیم ہوں گے جب کہ مولوی مطیع الحق کو ہلال احمر کا سربراہ اور ملا نور الدین ترابی کو ان کا نائب بنایا گیا ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے تحت مولوی عبد الرشید کو کابل کا ڈپٹی میئر بنایا گیا ہے۔
طالبان نے گزشتہ ماہ افغانستان کی عبوری کابینہ کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق ملا محمد حسن اخوند افغانستان کے عبوری وزیر اعظم جب کہ ملا عبدالغنی برادر اورمولوی عبدالسلام حنفی نائب وزرائے اعظم ہیں۔
گزشتہ ماہ طالبان کی جانب سے 33 رکنی کابینہ اور اہم شعبہ جات کے سربراہان کا تقرر کیا گیا تھا۔