وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطاللہ تارڑ نے الزام عائد کیا ہے کہ کوئٹہ میں سپریم کورٹ کے سینئر وکیل عبدالرزاق شر کی ’ٹارگٹ کلنگ‘ کے ذمہ دار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاللہ تارڑ نے کہا کہ عبدالرزاق شر ، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف سنگین غداری کے کیس میں درخواست گزار اور وکیل بھی تھے اور اس کیس کی سماعتیں ہو چکی تھیں جو کہ کچھ وقت میں انجام کو پہنچنے والا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیس بلوچستان ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے جس پر بحث بھی ہوچکی ہے اور آج بڑی بے دردی سے کوئٹہ ایئرپورٹ روڈ کے پاس سینئر وکیل عبدالرزاق شر کو قتل کردیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دو موٹر سائیکل سواروں نے ان کو نشانہ بنایا، یہ کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے، جب عمران خان کے خلاف سنگین غداری کا مقدمہ سماعت کے لیے مقرر تھا اور کل اس پر سماعت ہونی تھی اور ہو سکتا ہے کہ کل اس پر فیصلہ آجاتا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ وکیل عبدالرزاق شر کی ٹارگٹ کلنگ کے ذمہ دار عمران احمد نیازی ہیں، یہ وکیل کا سفاکانہ قتل ہے، اس قتل میں عمران نیازی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج ہوگا جس کی مکمل تفتیش ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آپ عمران خان نے عدم اعتماد کی تحریک کے بعد اسمبلیاں تحلیل کی تھیں اور آئین میں لکھا ہے کہ اس کے خلاف غداری کا مقدمہ ہو سکتا ہے اور اسی سلسلے میں یہ بلوچستان ہائی کورٹ میں کیس زیرِ سماعت تھا اور اس سے بچنے کے لیے ایک وکیل کی ٹارگٹ کلنگ کروائی۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ وکیل کا قتل کوئی عام واقعہ نہیں ہے، یہ (پی ٹی آئی) ایک مسلح اور دہشت گرد جماعت بن چکی ہے۔