راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے اور ہمیشہ رہے گا، اسے پاکستان سے الگ کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔
یہ بات انہوں نے “ہلال ٹاکس” پروگرام میں کہی، جہاں ملک بھر سے آئے ہوئے 1950 سے زائد سینئر اساتذہ نے شرکت کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز اور دشمن کے پراپیگنڈے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بھارت اور اُس کی پراکسی تنظیمیں پورے خطے کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی ایل اے جیسے گروہوں کو بھارت کی مکمل مالی مدد حاصل ہے، ان کی قیادت بھارت میں بیٹھی ہے، اور وہ کھلم کھلا بھارت سے مدد مانگتے ہیں۔ ان گروہوں کو انہوں نے “ہندوستان کے غلام” قرار دیا جو پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کی معیشت، ثقافت اور قومی وحدت کا اہم حصہ ہے، اور انشاءاللہ مستقبل میں یہی صوبہ پاکستان کا سب سے خوشحال علاقہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور عوام کا رشتہ محبت، اعتماد اور قربانی پر مبنی ہے، اور یہ رشتہ کبھی ختم نہیں ہو سکتا۔