بابر اعظم 12ویں، محمد رضوان 13ویں نمبر پر، محمد حارث کی نمایاں پیش رفت
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی نئی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق پاکستان کا کوئی کھلاڑی بیٹرز یا بولرز کی ٹاپ ٹین فہرست میں شامل نہیں۔ بیٹنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ بابر اعظم تین درجے تنزلی کے بعد 12ویں اور محمد رضوان ایک درجہ نیچے آ کر 13ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ حالیہ میچ میں شاندار سنچری بنانے والے محمد حارث نے 210 درجے ترقی کرتے ہوئے 30ویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ حسن نواز 57 درجے بہتری کے ساتھ 46ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ صائم ایوب 61ویں اور سلمان آغا 76ویں نمبر پر موجود ہیں۔
بولنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی سرفہرست ہیں اور یہاں بھی پاکستان کا کوئی بولر ابتدائی دس میں شامل نہیں ہو سکا۔ حارث رؤف دو درجے نیچے آ کر 20ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں جبکہ عباس آفریدی نے 18 درجے بہتری کے بعد 21ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ شاہین آفریدی کی درجہ بندی میں پانچ درجے تنزلی ہوئی ہے اور وہ اب 36ویں نمبر پر ہیں۔