کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 میں اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ سے معروف اداکارہ حمیرا اصغر علی کی کئی دن پرانی لاش برآمد ہونے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت منظرعام پر آیا جب آج سہ پہر تقریباً 3 بج کر 15 منٹ پر عدالتی حکم پر فلیٹ خالی کروانے کے لیے پولیس اور بیلف کی ٹیم پہنچی۔
دروازہ نہ کھلنے پر جب زبردستی اندر داخل ہوا گیا تو فلیٹ کے فرش پر خاتون کی لاش موجود پائی گئی، جو بظاہر کئی دن پرانی تھی۔ پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ فلیٹ کے مالک نے اداکارہ کی جانب سے مسلسل کرایہ نہ ملنے پر عدالت سے رجوع کیا تھا، جس کے نتیجے میں فلیٹ خالی کروانے کی کارروائی کی جا رہی تھی۔ لاش کی شناخت اداکارہ حمیرا اصغر علی کے طور پر کی گئی، جو پچھلے سات سال سے اس فلیٹ میں تنہا مقیم تھیں۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے تصدیق کی کہ اسپتال لائی گئی لاش بری طرح مسخ شدہ تھی، جس کے مختلف نمونے فرانزک تجزیے کے لیے حاصل کر لیے گئے ہیں۔ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
پڑوسیوں کے مطابق اداکارہ کا محلے کے لوگوں سے زیادہ میل جول نہیں تھا اور وہ مالی مسائل کا بھی شکار تھیں۔ ان کے پاس ذاتی گاڑی بھی نہیں تھی، جبکہ وہ سال 2018 میں لاہور سے کراچی منتقل ہوئی تھیں۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ اداکارہ 2024 سے فلیٹ کا کرایہ ادا نہیں کر رہی تھیں۔
یاد رہے کہ حمیرا اصغر علی نے اے آر وائی کے ریئلٹی شو ’تماشہ گھر‘ میں شرکت کی تھی اور 2015 میں فلم ’جلیبی‘ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ پولیس واقعے کی ہر زاویے سے تفتیش کر رہی ہے تاکہ اس افسوسناک موت کے پس پردہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔