حکومتِ پاکستان نے صحت کے شعبے کو مستحکم بنانے اور ادویات کی مقامی پیداوار میں خودکفالت حاصل کرنے کیلئے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے مقامی فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے نمائندوں کے ساتھ ہونے والی اہم ملاقات میں ان منصوبوں سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق، مقامی فارماسیوٹیکل صنعت کو مضبوط بنانے کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں کمپیوٹر کنٹرولڈ فرمنٹرز کی مقامی پیداوار، بایو کیمیکلز اور بایو فارماسیوٹیکلز کی تیاری کیلئے تحقیق و ترقی کے نظام کو جدید بنانے کے منصوبوں پر کام شروع کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان کونسل برائے سائنسی و صنعتی تحقیق کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ مقامی دوا ساز اداروں کے ساتھ براہ راست رابطہ کرے۔ اس کے علاوہ ادویات کے اہم اجزاء کی ملک میں ہی تیاری کیلئے منصوبہ بنایا گیا ہے تاکہ معیاری دوائیں وقت پر دستیاب ہو سکیں۔
حکومت کا بنیادی ہدف ادویات کی درآمد پر انحصار کم کرتے ہوئے بایو ٹیکنالوجی کی مدد سے مقامی صنعت کو فروغ دینا ہے، جس سے نہ صرف زرمبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ عوام کو سستی اور معیاری ادویات بھی میسر آئیں گی۔