بھارتی ریاست منی پور کے دارالحکومت امپھال جانے والی انڈیگو ایئرلائن کی پرواز جمعرات کے روز معمولی تکنیکی خرابی کے باعث دہلی واپس لوٹنے پر مجبور ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق فلائٹ 6E 5118، جو دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے امپھال کے لیے روانہ ہوئی تھی، پرواز کے دوران ایک تکنیکی مسئلے کا سامنا کرنے کے بعد پائلٹس نے احتیاطی طور پر طیارے کو واپس دہلی لے جانے کا فیصلہ کیا، جہاں طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا۔
انڈیگو کے ترجمان کے مطابق ضابطے کے تحت طیارے کا مکمل معائنہ کیا گیا اور کچھ دیر بعد پرواز دوبارہ روانہ کر دی گئی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ہمیں مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر افسوس ہے، تاہم ان کی، عملے کی، اور طیارے کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اور تاخیر کے دوران مسافروں کو مکمل معاونت فراہم کی گئی۔ ایئرلائن نے تکنیکی خرابی کی نوعیت کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
اس سے ایک دن قبل، بدھ کو دہلی سے گوا جانے والی انڈیگو کی ایک اور پرواز کو بھی دورانِ پرواز خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد اسے ممبئی کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔