صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ شہداء پولیس کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں پاکستان کی پولیس فورس کے بہادر افسران اور جوانوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو قومی تاریخ کا روشن باب قرار دیا ہے۔
صدر نے کہا کہ آج کا دن ان تمام پولیس اہلکاروں کو یاد کرنے کا دن ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کے تحفظ، امن و امان کے قیام، اور دہشت گردی و جرائم کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان شہداء کی قربانیاں قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے دہشت گردی، جرائم اور بدامنی کے خاتمے کے لیے بے مثال جدوجہد کی ہے۔ ہزاروں پولیس جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک و قوم کے تحفظ کو یقینی بنایا۔
صدر آصف زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت شہداء کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی تاکہ ان کی قربانیوں کا حق ادا کیا جا سکے۔