اسلام آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو ہراساں کرنے، قتل اور اغوا کی دھمکیاں دینے کے الزام میں حسن زاہد نامی شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق یہ کارروائی سامعہ حجاب کی جانب سے دی گئی شکایت اور ان کے ویڈیو بیان کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔ پولیس کے بیان کے مطابق تھانہ شالیمار میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں خواتین کی عزت پامال کرنے کی نیت سے حملے، زبردستی، اغوا اور ہراسانی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
سامعہ حجاب نے الزام لگایا کہ ملزم کئی دنوں سے ان کا پیچھا کر رہا تھا اور بار بار تحائف دے کر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتا رہا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں بتایا کہ ملزم نے شادی کی پیشکش کی تھی، انکار پر وہ مسلسل ہراساں کرتا رہا اور یہاں تک کہ گھر تک پہنچ گیا۔ ان کے مطابق حسن زاہد نے واضح دھمکی دی تھی کہ اگر شادی سے انکار کیا گیا تو وہ قتل کر دے گا۔ مزید یہ کہ گرفتاری سے پہلے بھی اس نے ایف آئی آر واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا۔
ایک اور ویڈیو میں سامعہ نے دعویٰ کیا کہ ملزم نے ان کے گھر کی گھنٹی بجائی، دروازہ کھلنے پر زبردستی ساتھ چلنے کو کہا اور اس دوران ان کا موبائل فون چھین کر گاڑی میں بیٹھ گیا۔ فون واپس لینے کے لیے بھاگنے پر ملزم نے ہراساں کیا اور اغوا کرنے کی کوشش بھی کی۔ پولیس حکام کے مطابق مقدمے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔