’’پیچھے تو دیکھو‘‘ ڈائیلاگ سے شہرت پانے والے ننھے سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عمر شاہ کے اچانک انتقال کی وجہ سامنے آگئی ہے۔
احمد شاہ نے پیر کی صبح اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر یہ افسوسناک خبر شیئر کی کہ ان کا بھائی عمر شاہ خالقِ حقیقی سے جا ملا ہے۔ انہوں نے مداحوں سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے لکھا: ’’ہمارے خاندان کا ننھا چمکتا ستارہ عمر شاہ خالقِ حقیقی سے جا ملا۔‘‘ ساتھ ہی اہلِ خانہ کے لیے صبر کی دعا کی درخواست بھی کی گئی۔
عمر شاہ اپنی معصوم مسکراہٹ اور شرارتی طبیعت کے باعث مداحوں میں بے حد مقبول تھے۔ وہ اکثر اپنے بڑے بھائی احمد شاہ کے ہمراہ ویڈیوز اور ٹی وی پروگرامز میں نظر آتے تھے، بالخصوص رمضان ٹرانسمیشن کے دوران ان کی موجودگی ناظرین کو بہت پسند آتی تھی۔
اہلخانہ کے مطابق عمر شاہ کی طبیعت رات کے وقت اچانک خراب ہوئی۔ انہیں قے آئی جس کے دوران کچھ مواد سانس کی نالی میں چلا گیا۔ فوری طور پر انہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔