گلگت بلتستان کے ضلع چلاس میں شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 6 گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں جبکہ متعدد مسافر گاڑیاں بھی ملبے کی زد میں آگئیں اور دو گاڑیاں دریا میں جا گریں۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق گندلو کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد یہ اطلاعات ملی ہیں کہ کچھ افراد ملبے تلے دبے ہونے کا اندیشہ ہے۔
چلاس میں پیش آنے والے اس واقعے میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مرکزی شاہراہ پر آنے والی کم از کم 6 گاڑیاں ملبے میں دب گئیں، جبکہ دیگر کئی مسافر گاڑیاں بھی اس صورتحال سے متاثر ہوئیں اور دو گاڑیاں دریا میں جا گریں۔
ترجمان جی بی حکومت نے بتایا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ریسکیو کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں، جبکہ تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
فیض اللہ فراق نے مزید بتایا کہ گندلو کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کسی جانی نقصان کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی، جبکہ کچھ مسافروں نے گاڑیوں سے چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچانے میں کامیابی حاصل کی۔