اسلام آباد:جسٹس امین الدین خان نے بطور چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔صدر آصف علی زرداری نے جسٹس امین الدین خان سے وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔
ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریب میں جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا یا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف بھی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئے۔تقریب میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس محمد یحیی آفریدی، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزراء اور ارکانِ پارلیمنٹ نے شرکت کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاک فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان سمیت اعلیٰ حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔جسٹس امین الدین خان ستائیسویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد قائم کی جانے والی پہلی وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس مقرر ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ وفاقی آئینی عدالت کے تین ججز جسٹس حسن اظہر رضوی ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس علی باقر نجفی نے حلف اٹھایا۔ وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان نے تینوں ججز سے حلف لیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب طاہر، جسٹس خادم سومرو اور جسٹس محمد اعظم خان تقریب حلف برداری میں شریک ہوئے۔جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس بھی وفاقی آئینی عدالت کے ججز کی تقریب حلف برداری میں شریک ہوئے ۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، ایڈوکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز، لا افسران بھی تقریب میں موجود تھے ۔اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر واجد گیلانی اور سیکرٹری منظور ججہ بھی تقریب میں شریک ہوئے ۔