نئی امنگوں، روشن امیدوں اور مستقبل کے خوابوں کے ساتھ سال 2026 کا پہلا سورج پوری آب و تاب کے ساتھ طلوع ہو گیا، جس نے ملک بھر میں نئے سال کے آغاز کو ایک مثبت اور پُرامید پیغام کے ساتھ خوش آمدید کہا۔
نئے سال کے پہلے طلوعِ آفتاب کا نظارہ کرنے کے لیے شہری بڑی تعداد میں ساحلی علاقوں، پارکوں اور کھلے مقامات پر پہنچے، جہاں انہوں نے اس یادگار لمحے کو نہ صرف اپنی آنکھوں میں بسایا بلکہ کیمروں کی آنکھ میں بھی محفوظ کیا، تاکہ یہ لمحات ہمیشہ کے لیے یادگار بن سکیں۔
نئے سال کے آغاز پر ملک بھر کی مساجد میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، جہاں ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعائیں مانگی گئیں، علما کرام نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو درپیش تمام مشکلات سے نجات عطا فرمائے اور ملک کو ترقی، امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پوری قوم سال 2026 میں ملک کی معاشی بہتری اور مجموعی حالات میں مثبت تبدیلی کے لیے پُرامید ہے، عوام نے اس موقع پر دعا کی کہ نیا سال سب کے لیے خوشیاں، سکون، روزگار اور ترقی کے نئے مواقع لے کر آئے اور یہ سال نئی امیدوں، حوصلوں اور کامیابیوں کی علامت ثابت ہو۔
لوگوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مثبت سوچ، محنت اور یکجہتی کے ساتھ نئے سال کا آغاز کر رہے ہیں، جبکہ کئی شہریوں کا کہنا تھا کہ انہیں پختہ یقین ہے کہ سال 2026 میں وہ تمام خواب پورے ہوں گے جو گزشتہ برس مختلف وجوہات کی بنا پر ادھورے رہ گئے تھے۔
یاد رہے کہ رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں نئے سال کے استقبال کے لیے آتش بازی اور جشن کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا، کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کی گئی، جبکہ نئے سال کی خوشی میں شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور ہلہ گلہ کرتے ہوئے سال 2026 کا استقبال کیا۔