اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے پنجاب، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے مختص فنڈز کے حوالے سے وضاحت طلب کر لی ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں بلدیاتی انتخابات کے لیے فنڈز کی فراہمی کے معاملے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن سے کہا گیا کہ وہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے درکار فنڈز سے متعلق مکمل وضاحت فراہم کرے۔
اجلاس میں وزیر خزانہ نے 45 کروڑ 50 لاکھ روپے کی سمری کو تفصیلات کے ساتھ دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ اس کے علاوہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کسٹمز سے ضبط شدہ سامان گلگت بلتستان حکومت کو دینے کی منظوری دے دی۔
دریں اثنا وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت ایک اور اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں ایکسپورٹ امپورٹ بینک کی 2025 کی پروکیورمنٹ پالیسی کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں متعلقہ حکام نے پالیسی سے متعلق بریفنگ دی اور آئندہ مالی معاملات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔