کراچی کے علاقے گلشن حدید کی ایک نجی سوسائٹی میں واقع گھر سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق ملنے والی لاشوں میں میاں بیوی، ان کی 2 بیٹیاں اور ایک خاتون شامل ہیں۔
حکام نے بتایا کہ گھر سے 40 سالہ شاہ زیب، ان کی 40 سالہ اہلیہ صباء، 5 سالہ بیٹی ایزل اور 4 سالہ بیٹی آریہ کی لاشیں ملی ہیں۔ پانچویں لاش شاہ زیب کی 18 سالہ بہن شمائلہ کی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اموات کی وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
گلشن حدید میں گھر سے 5 افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے واقعے پر آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں اور پانچوں افراد کی اموات کی اصل وجوہات معلوم کی جائیں۔ انہوں نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنے، فرانزک تحقیقات اور دیگر تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی بھی ہدایت کی۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر یا ممکنہ مجرمانہ پہلوؤں کا پتا لگانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے تحقیقات کی پیشرفت سے مسلسل آگاہ رکھنے اور حقائق کی بنیاد پر تحقیقات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔



















































































