میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ رواں سال کراچی کے لیے حقیقی تبدیلی کا سال ثابت ہوگا اور شہریوں کو شہر میں ہونے والی بہتری کے واضح اثرات نظر آنا شروع ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی کے لیے جاری منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
مرتضیٰ وہاب نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سڑکوں کی بحالی اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
میئر کراچی نے کہا کہ انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ ساتھ شہر کی مرکزی اور ذیلی شاہراہوں کو خوبصورت بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، تاکہ کراچی نہ صرف بہتر سفری سہولیات فراہم کرے بلکہ ایک منظم اور خوشنما شہر کے طور پر بھی ابھرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو اب شہر میں ہونے والی تبدیلیاں عملی طور پر محسوس ہونی چاہئیں، کیونکہ یہ سال کراچی کی تقدیر بدلنے کا سال ہے اور کراچی کے باسی جلد اس کے مثبت اثرات اپنی روزمرہ زندگی میں دیکھ سکیں گے۔