کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن گلشنِ مزدور میں ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر واقع ایک دکان میں لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر فوری طور پر دو فائر ٹینڈر موقع پر روانہ کیے گئے، جو آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں، جبکہ عمارت اور اطراف کے علاقوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔ ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
دریں اثنا کراچی کے ہی علاقے ملیر کورٹ میں بھی آتشزدگی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ ملیر کورٹ کے احاطے میں نصب سولر پینلز میں لگی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے دو فائر ٹینڈرز کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا گیا۔
حکام کے مطابق دونوں واقعات کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں، جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔