ایپل کی جانب سے فروری 2026 میں رواں سال کا سستا ترین اسمارٹ فون آئی فون 17 ای متعارف کرائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے ساتھ ہی اس ممکنہ ڈیوائس کی قیمت سے متعلق تفصیلات بھی سامنے آ گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی Apple کی جانب سے نیا آئی فون 17 ای ممکنہ طور پر 19 فروری کو متعارف کرایا جا سکتا ہے، جو گزشتہ برس متعارف کرائے گئے آئی فون 16 ای کی جگہ لے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس نئے آئی فون کی متوقع قیمت 599 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو گزشتہ سال آئی فون 16 ای کی لانچ قیمت کے برابر ہے۔ حالیہ مہینوں میں ریم چپس کی قلت کے باعث یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ نئے ماڈل کی قیمت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، تاہم ایپل کی جانب سے قیمت برقرار رکھنے کی حکمت عملی اپنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی فون 17 ای مجموعی طور پر آئی فون 16 ای سے زیادہ مختلف نہیں ہوگا، تاہم اس میں چند تکنیکی تبدیلیاں شامل کی جائیں گی۔ نئے ماڈل میں اے 19 چپ سیٹ شامل ہونے کی توقع ہے، جبکہ آئی فون 16 ای میں اے 18 چپ سیٹ موجود تھا۔ اس کے علاوہ میگ سیف سپورٹ کو بھی نئے فون کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی فون 17 ای کسی بڑے اپ گریڈ کے بجائے معمولی بہتری کے ساتھ پیش کیا جائے گا، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ایپل قیمت میں اضافہ کیے بغیر نیا ماڈل متعارف کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایپل کی جانب سے تاحال آئی فون 17 ای کے حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا، اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ آیا یہ فون واقعی 19 فروری کو لانچ کیا جائے گا یا نہیں۔