بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے ضلع گوپال گنج میں قائم ایک پولنگ اسٹیشن پر دستی بم دھماکے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں ہوا، جس کے باعث مرکزی دروازے کو جزوی نقصان پہنچا۔ زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق پولنگ کا عمل سکیورٹی اقدامات کے ساتھ جاری رکھا گیا۔
واضح رہے کہ بنگلادیش میں جاری قومی پارلیمانی انتخابات کے دوران مختلف سیاسی اتحادوں کے درمیان سخت مقابلے کی پیشگوئی کی جا رہی ہے۔ ایک حالیہ عوامی سروے کے مطابق بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے اتحاد کو 44.1 فیصد جبکہ بنگلادیش جماعتِ اسلامی کی قیادت میں قائم اتحاد کو 43.9 فیصد ووٹ ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔