الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 256 خضدار کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اس حلقے میں پولنگ 5 اپریل کو منعقد کی جائے گی۔
کوئٹہ سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق این اے 256 خضدار میں ضمنی انتخاب کے لیے پبلک نوٹس 18 فروری کو جاری کیا جائے گا، جس کے بعد انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی 20 فروری سے 24 فروری تک جمع کرا سکیں گے، جبکہ نامزد امیدواروں کی ابتدائی فہرست 25 فروری کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 18 مارچ کو کی جائے گی، جس کے بعد امیدوار اپنی انتخابی مہم باقاعدہ طور پر شروع کر سکیں گے۔
مزید کہا گیا ہے کہ این اے 256 خضدار کے ضمنی انتخاب کے لیے ڈپٹی کمشنر خضدار کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) مقرر کیا گیا ہے، جو انتخابی عمل کی نگرانی اور انتظامی امور کے ذمہ دار ہوں گے۔