مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، جہاں برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 100.5 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جو گزشتہ دو ماہ کی بلند ترین سطح ہے۔
اسی دوران ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت بھی بڑھ کر 91.65 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز سے گزرنے والے آئل ٹینکروں کی آمد و رفت میں بھی نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات کے روز صرف ایک آئل ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزرا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیو جائنٹ نامی آئل ٹینکر، جس میں تقریباً 20 لاکھ بیرل عراقی خام تیل موجود تھا، آبنائے ہرمز عبور کرنے کے بعد چین کی ریژاؤ بندرگاہ کی جانب روانہ ہوا۔
ماہرین کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی اور تیل کی ترسیل سے متعلق خدشات عالمی توانائی مارکیٹ پر مسلسل اثر انداز ہو رہے ہیں۔
















































































