امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران تباہ ہوچکا ہے، اس کے پاس کوئی بحریہ اور فضائیہ نہیں رہی، پاسداران انقلاب ختم ہوچکی ہے اور اللہ کا شکر ہے کہ ایران اب مشرق وسطیٰ کا بدمعاش نہیں رہا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ایک بار پھر آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ کنٹرول برقرار رکھا جائے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ لوگ امریکی بحریہ کی ناکہ بندی کو ’’آہنی دیوار‘‘ کا نام دے رہے ہیں اور ایران اس آہنی دیوار کے خلاف کچھ نہیں کرسکتا۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس اب کوئی بحریہ اور فضائیہ نہیں ہے، پاسداران انقلاب ختم ہوچکی ہے اور اس کے لوگ بھاگ رہے ہیں، جبکہ ایرانی سپاہیوں کو تنخواہیں بھی نہیں مل رہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایرانی قیادت بے یقینی کا شکار ہے اور اس کے پاس پیسا نہیں ہے، ایران تباہ ہوچکا ہے اور ایرانیوں کے پاس اب صرف جعلی خبریں اور مہنگائی کی 300 فیصد شرح رہ گئی ہے۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کی موجودہ صورتحال مزید بدتر ہوگی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران صرف باتیں کرتا ہے لیکن عملی کارروائی نہیں کرتا، اللہ کا شکر ہے کہ ایران اب مشرق وسطیٰ کا بدمعاش نہیں رہا۔





















































































