وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کسی بھی قسم کی ڈیل سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
عطا تارڑ نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے نہ کوئی ڈیل طے پائی ہے اور نہ ہی کسی قسم کی ڈھیل دی گئی ہے، اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عدالتوں سے سزا یافتہ مجرم ہیں اور ان کے بارے میں کسی بھی رعایت کا تاثر دینا یا ایسی قیاس آرائیاں کرنا مکمل طور پر غلط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رعایت یا کسی خفیہ مفاہمت سے متعلق خبریں حقیقت پر مبنی نہیں اور ان میں کوئی سچائی موجود نہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے یاد دلایا کہ وہ دو روز قبل بھی عمران خان سے ڈیل کی خبروں کی تردید کر چکے ہیں اور اپوزیشن کو واضح کر چکے ہیں کہ عمران خان کی صحت کے معاملے پر سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔