وزیراعظم شہباز شریف نے دو روزہ دورۂ دوحہ کے دوران قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا، خصوصاً اقتصادی اور تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق امیر قطر نے اقتصادی شراکت داری کو اعلیٰ اسٹریٹجک سطح تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کی علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مذاکرات، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں استحکام کے لیے مسلسل رابطہ ضروری ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی امور پر قریبی روابط برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ اعلامیے کے مطابق امیر قطر نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دورۂ پاکستان کی دعوت قبول کر لی ہے اور ان کا دورہ پاکستان رواں سال متوقع ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز دو روزہ سرکاری دورے پر دوحہ پہنچے تھے، جہاں انہوں نے اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا۔