تین مارچ کو مکمل چاند گرہن کا فلکیاتی مظہر رونما ہوگا جسے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں دیکھا جا سکے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ سال کا اہم فلکیاتی واقعہ ہے جس کے دوران چاند زمین کے سائے میں آ جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 44 منٹ پر چاند کو گرہن لگنا شروع ہوگا اور یہ عمل شام 7 بج کر 23 منٹ پر مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔ اس دوران مختلف مراحل میں چاند کی روشنی مدھم ہوتی جائے گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شام 4 بج کر 34 منٹ پر چاند گرہن اپنے عروج پر ہوگا، جب چاند مکمل طور پر زمین کے سائے میں ہوگا اور اس کا رنگ سرخی مائل دکھائی دے سکتا ہے۔
حکام کے مطابق یہ چاند گرہن ایشیا، آسٹریلیا، شمالی اور جنوبی امریکا سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں بھی دیکھا جا سکے گا۔ تاہم پاکستان میں دن کے اوقات ہونے کے باعث بعض علاقوں میں اسے جزوی طور پر ہی دیکھا جا سکے گا۔