آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ 2026 جیتنے کے بعد بھارتی ٹیم کے لیے کروڑوں روپے کی انعامی رقم کا اعلان کر دیا گیا ہے اور کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ سپورٹ اسٹاف کو بھی اس کامیابی پر مالی انعام دیا جائے گا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والی بھارتی ٹیم کو مجموعی طور پر 131 کروڑ بھارتی روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ یہ رقم ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور دیگر سپورٹ اسٹاف کے درمیان تقسیم کی جائے گی تاکہ ٹیم کی محنت اور کارکردگی کو سراہا جا سکے۔
اس کے علاوہ عالمی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بھی فاتح ٹیم کو ٹورنامنٹ جیتنے پر 2.34 ملین ڈالر کی انعامی رقم دی گئی ہے جو عالمی سطح پر ٹورنامنٹ کے فاتح کے لیے مقرر کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ بھارت نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا اور اس کامیابی کے ساتھ بھارت نے ایک بار پھر عالمی کرکٹ میں اپنی برتری ثابت کر دی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 2024 میں بھی جب روہت شرما کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتا تھا تو بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے لیے 125 کروڑ بھارتی روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا تھا۔