وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں ایندھن کی دستیابی کے حوالے سے مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے اور عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اس معاملے پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے۔
وزیر خزانہ کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی نگرانی سے متعلق قائم کابینہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مارچ کے مہینے کی تمام ضروریات کو مکمل طور پر محفوظ بنا لیا گیا ہے جبکہ اپریل کے لیے بھی فراہمی کو یقینی بنانے کی منصوبہ بندی پہلے ہی کر لی گئی ہے۔
اجلاس کے دوران حکام نے مزید آگاہ کیا کہ عالمی منڈی سے سپلائی کے اضافی ذرائع تلاش کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں تاکہ مستقبل میں کسی ممکنہ قلت سے بچا جا سکے۔
اس موقع پر سینیٹر محمد اورنگزیب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھبراہٹ میں خریداری یا غیر ضروری ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں کیونکہ موجودہ صورتحال میں ایسی کسی اقدام کی ضرورت نہیں ہے۔
دوسری جانب سیکرٹری پیٹرولیم نے خبردار کیا ہے کہ 14 اپریل کے بعد ملک میں ایل این جی کی دستیابی ممکن نہیں ہوگی، جس کے باعث اپریل کے دوران پاور سیکٹر کی گیس کی ضروریات کو مکمل طور پر پورا کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔