امریکی ریاست فلوریڈا کے گورنر ران ڈی سانٹیس نے ایک نئے قانون پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت ریاست میں شریعہ قانون سمیت ایسے غیر ملکی اور مذہبی قوانین پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جو آئینی حقوق سے متصادم ہوں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر نے HB 1471 قانون کی منظوری دی ہے، جس کا مقصد ریاست میں آئینی بالادستی کو یقینی بنانا اور ایسے کسی بھی متوازی قانونی نظام کی حوصلہ شکنی کرنا ہے جو امریکی آئین سے متصادم ہو۔
اس قانون کے تحت فلوریڈا میں فعال دہشتگرد گروہوں کے خلاف بھی سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے اور سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
گورنر ران ڈی سانٹیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ریاست کو قانون کی حکمرانی کے تحت چلنا چاہیے اور آئین ہی ریاست کا واحد قانونی فریم ورک ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی اداروں اور تعلیمی نظام کو ایسے عناصر سے محفوظ رکھنا ضروری ہے جو نقصان پہنچانے یا نظام کو متاثر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔























































































