وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ڈیڈ لائن میں دو ہفتوں کی توسیع کی باضابطہ درخواست کر دی ہے، جسے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں ایک اہم سفارتی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جنگ کے پُرامن حل کے لیے سفارتی کوششیں تیزی سے جاری ہیں، اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد مثبت اور ٹھوس نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں امریکی صدر سے درخواست کی کہ سفارتی عمل کو مؤثر بنانے اور اسے مناسب وقت فراہم کرنے کے لیے ڈیڈ لائن میں دو ہفتوں کی توسیع دی جائے۔ انہوں نے جذبہ خیرسگالی کے تحت ایران سے بھی اپیل کی کہ وہ آبنائے ہرمز کو دو ہفتوں کے لیے کھلا رکھے تاکہ خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے۔
شہباز شریف نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ کم از کم دو ہفتوں کے لیے مکمل جنگ بندی کریں، تاکہ سفارتی کوششوں کو کامیابی مل سکے اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کی راہ ہموار ہو سکے۔