اسلام آباد میں غیرملکی وفود کی آمد کے پیش نظر انتظامیہ نے خصوصی ٹریفک پلان نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت شہریوں کی آمدورفت کو منظم رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا تعین کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جی ٹی روڈ سے پشاور سے راولپنڈی آنے والے مسافر ٹیکسلا موٹروے، چکری، چک بیلی روڈ اور روات کے راستے اختیار کریں، جبکہ لاہور سے پشاور جانے والے افراد روات، چک بیلی روڈ اور ٹیکسلا موٹروے استعمال کریں۔
ٹریفک پولیس نے ہدایت کی ہے کہ مارگلہ روڈ سے راولپنڈی جانے والے شہری نائنتھ ایونیو کا استعمال کریں، جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والوں کو مری روڈ کے ذریعے نائنتھ ایونیو اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو نائنتھ ایونیو کی جانب موڑ دیا جائے گا، جبکہ زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک ایکسپریس وے دونوں اطراف سے بند رہے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق آج اور کل اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ سیکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے دو روزہ مقامی تعطیل کا بھی اعلان کیا ہے، جس کے تحت جمعرات 9 اور جمعہ 10 اپریل کو تمام اسکول اور دفاتر بند رہیں گے، جبکہ ضروری خدمات فراہم کرنے والے ادارے معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔