بلوچستان میں سرکاری گاڑیوں سے متعلق پیش کی گئی ایک اہم رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ 3762 سرکاری گاڑیوں کا ریکارڈ دستیاب نہیں، جس نے انتظامی معاملات پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
محکمہ ایکسائز کی جانب سے یہ رپورٹ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کو پیش کی گئی، جس کے مطابق محکمہ ایکسائز کے ڈیٹابیس میں سرکاری گاڑیوں کی مجموعی تعداد 14304 درج ہے، تاہم تصدیقی عمل کے دوران 3672 گاڑیوں کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مختلف محکموں کی متعدد گاڑیوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، جن میں محکمہ زراعت کی 1142، پولیس کی 443 اور لوکل گورنمنٹ کی 171 گاڑیاں شامل ہیں، جن کی تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔
مزید برآں کوئٹہ میں محکمہ صحت کی 168 اور محکمہ تعلیم کی 131 گاڑیوں کا بھی کوئی پتا نہیں چل سکا، جبکہ محکمہ نظم و نسق اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیاتی کی 113، 113 گاڑیوں کا ریکارڈ بھی غائب پایا گیا۔
اسی طرح محکمہ منصوبہ بندی کے پاس 65 اور سماجی بہبود کے پاس 63 گاڑیاں بھی دستیاب نہیں ہیں، جو انتظامی نگرانی پر سوالیہ نشان ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے ان گاڑیوں کی تفصیلات اور بازیابی کے لیے ایک سہ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو اس معاملے کی تحقیقات کرے گی۔