سیہون میں واقع حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار کی نذرانے کی پیٹیاں باقاعدہ طور پر کھول دی گئی ہیں، جس کے بعد نذرانوں کی گنتی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف مختیار ابڑو کے مطابق نذرانے کی پیٹیاں 8 ماہ اور 14 دن کے طویل عرصے کے بعد کھولی گئیں، جبکہ ان میں موجود رقم اور دیگر اشیاء کی گنتی کا عمل چار روز تک جاری رہا۔
مختیار ابڑو نے بتایا کہ نذرانے کی پیٹیوں سے مجموعی طور پر 2 کروڑ 38 لاکھ 78 ہزار 750 روپے برآمد ہوئے، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ بڑی مقدار میں سونا اور چاندی بھی حاصل ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نذرانوں میں غیر ملکی کرنسی بھی شامل تھی، جبکہ برآمد ہونے والا سونا اور چاندی توشہ خانے میں محفوظ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اوقاف حکام کی سخت نگرانی میں گنتی کا عمل مکمل کیا گیا، اور حاصل ہونے والی رقم کو ضابطے کے مطابق بینک میں جمع کرا دیا گیا ہے۔























































































