کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے دوران شدید لوڈشیڈنگ نے طلبہ کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں، جہاں بجلی کی بندش کے باعث امیدوار شدید گرمی اور حبس میں پرچے حل کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ اس صورتحال نے امتحانی عمل کو مزید دشوار بنا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے مضافاتی علاقوں میں قائم امتحانی مراکز میں طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے، خاص طور پر لانڈھی اور اس کے گردونواح کے اسکولوں میں بجلی نہ ہونے کے باعث طلبہ کو انتہائی مشکل حالات میں امتحان دینا پڑ رہا ہے۔
ٹاؤن ایجوکیشن آفیسر اور اسکول انتظامیہ نے گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلز سیکنڈری اسکول خلدآباد لانڈھی کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ امتحانی مرکز میں 1200 سے زائد امیدوار موجود ہیں، جبکہ مزید 300 طلبہ کی آمد نے انتظامی مسائل میں اضافہ کر دیا ہے۔
اسکول پرنسپل کے مطابق امتحانی اوقات یعنی صبح ساڑھے 8 سے ساڑھے 12 بجے تک باقاعدہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جو کہ طلبہ کے لیے سب سے اہم وقت ہوتا ہے، اور اس دوران پنکھے بند ہونے سے گرمی کی شدت مزید بڑھ جاتی ہے۔
امتحان دینے والے طلبہ نے شکایات کرتے ہوئے کہا کہ شدید پسینے کے باعث جوابی کاپیاں گیلی ہو رہی ہیں اور خراب ہونے کا خدشہ ہے، جس سے ان کی کارکردگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔
اسکول انتظامیہ کے مطابق متعلقہ بجلی فراہم کرنے والے ادارے کو متعدد بار خطوط لکھ کر آگاہ کیا گیا کہ امتحانی مراکز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، تاہم اب تک اس پر کوئی عملدرآمد نہیں کیا گیا۔























































































