ایرانی وزارتِ تعلیم کے ترجمان علی فرہادی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے تمام اسکولوں کو آن لائن لرننگ نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے، جس کے تحت 21 اپریل سے تعلیمی سرگرمیاں ورچوئل انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔
ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ تمام تعلیمی سطحوں پر لاگو ہوگا اور یہ حکم اگلے نوٹس تک مؤثر رہے گا، جبکہ طلبہ کی تعلیم کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے آن لائن نظام کو ترجیح دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روایتی، بالمشافہ کلاسز کی بحالی سے متعلق کسی بھی فیصلے سے طلبہ اور والدین کو کم از کم تین روز قبل آگاہ کیا جائے گا تاکہ وہ مناسب تیاری کر سکیں۔
ترجمان کے مطابق یہ اقدام ملک بھر میں درپیش مختلف رکاوٹوں کے پیش نظر کیا گیا ہے، جن میں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کے مسائل بھی شامل ہیں، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔






















































































