واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ جنگ میں امریکا جوہری ہتھیار استعمال نہیں کرے گا اور اس حوالے سے واضح پالیسی اختیار کی گئی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا کوئی جواز نہیں، اور امریکا روایتی جنگی صلاحیتوں کے ذریعے ہی اپنے اہداف حاصل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اس لیے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی ضرورت نہیں ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ ایران کے ساتھ ایک مضبوط اور دیرپا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، اور اگرچہ فوری طور پر معاہدہ ممکن ہے، تاہم وہ ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جو طویل مدت تک برقرار رہے اور مستقل امن کی ضمانت بن سکے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ایک پائیدار امن معاہدے کے لیے جلد بازی سے کام نہیں لیا جائے گا اور کسی بھی قسم کے دباؤ میں آ کر فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ حالیہ جنگ بندی کے دوران ایران نے ممکنہ طور پر اپنی عسکری تیاریوں میں کچھ اضافہ کیا ہو، تاہم امریکی فوج محدود وقت میں ان صلاحیتوں کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحری، فضائی اور فضائی دفاعی صلاحیتوں کو پہلے ہی شدید نقصان پہنچ چکا ہے۔






















































































