سندھ حکومت نے امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے دفعہ 144 کے تحت عائد پابندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں مختلف سرگرمیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت احتجاج، دھرنے، ریلیاں اور اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی عائد رہے گی، تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ سندھ بھر میں وال چاکنگ اور عوامی اجتماعات پر بھی پابندی برقرار رکھی جائے گی، تاہم سکیورٹی گارڈز کو اپنی ڈیوٹی کے دوران اسلحہ رکھنے کی اجازت حاصل ہوگی تاکہ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ متعلقہ تھانوں کے افسران کو دفعہ 188 کے تحت کارروائی کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے تاکہ قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔























































































