آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی کے لیے امریکا نے ایک نئے عالمی اتحاد کے قیام کی کوششیں تیز کر دی ہیں، جس کے تحت مختلف ممالک کو ایک مشترکہ معاہدے کا حصہ بنانے کے لیے سفارتی سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے دنیا بھر میں موجود امریکی سفارت خانوں کو باقاعدہ پیغام ارسال کیا گیا ہے، جس میں ہدایت دی گئی ہے کہ متعلقہ ممالک کو ایک نئے بین الاقوامی معاہدے میں شامل ہونے کے لیے آمادہ کیا جائے تاکہ سمندری راستوں کی آزادی کو یقینی بنایا جا سکے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مجوزہ معاہدے کو “میری ٹائم فریڈم کنسٹرکٹ” کا نام دیا گیا ہے، جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو محفوظ اور بلا رکاوٹ بنانا ہے تاکہ عالمی تجارت متاثر نہ ہو۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چند ہفتے قبل یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے دستیاب ہے، تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر امریکا نے مزید اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔























































































