سوشل میڈیا پر ان دنوں یہ دعویٰ گردش کر رہا ہے کہ سعودی عرب نے حج 2026 کے دوران مسجد الحرام کے اندر، باہر اور دورانِ طواف فوٹوگرافی یا ویڈیو بنانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں پر 10 ہزار سعودی ریال جرمانہ اور حج ویزا منسوخ کر کے ڈی پورٹ کرنے کی سزا مقرر کی گئی ہے۔
تاہم اس حوالے سے اب تک سعودی حکومت، وزارتِ حج و عمرہ یا کسی سرکاری ادارے کی جانب سے ایسا کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، جس میں فوٹوگرافی پر مکمل پابندی یا مذکورہ جرمانے کی تصدیق کی گئی ہو۔
سعودی حکام کی جانب سے ہر سال حج کے دوران نظم و ضبط، سیکیورٹی اور عبادات کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف ہدایات ضرور جاری کی جاتی ہیں، تاہم سوشل میڈیا پر زیرِ گردش پیغام میں کیے گئے دعوؤں کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر مصدقہ پیغامات کو آگے پھیلانے سے گریز کیا جانا چاہیے اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر ہی اعتماد کرنا چاہیے تاکہ حجاج کرام میں غیر ضروری تشویش پیدا نہ ہو۔






















































































